گلگت : محکمہ داخلہ گلگت بلتستان کی طرف سے جاری بیان میں وضاحت جاری کر دی گئی ہے کہ گلگت بلتستان میں حالات مکمل طور پر پر امن ہیں اور پاک فوج کی تعیناتی کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں زیر گردش خبریں اور قیاس آرائیاں بے بنیاد ہیں۔ گلگت بلتستان میں تمام رابطہ سڑکیں ،تجارتی و کاروباری مراکز اور تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے ہیں۔
چہلم امام حسین پر امن وامان برقرار رکھنے کیلئے پاک فوج اور سول آرمڈ فورسزکی خدمات حاصل کی گئی ہیں، اس کے ساتھ ساتھ جلوس کے راستوں اور امام بارگاہوں کی سیکیورٹی کیلئے ماضی کی طرح خصوصی اقدامات کئےگئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے ، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا ہے۔