گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیر میں شیر جہاں میر اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں


گلگت(سید اسد اللہ غازی)

سید اسد اللہ غازی کالم نگار /صحافی ایڈیٹر اینڈ چیف ہنزہ آن لاٸن نیوز نیٹ ورک
سید اسد اللہ غازی

گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام کے آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ورک پلان کی منظوری دیدی گئی چیئر مین گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام شیر جہان میر کی زیر صدارت بورڑ آف ڈائریکٹرز کے سالانہ بجٹ اجلاس میں بجٹ پیش کیا گیا اور ورک پلان کی باقاعدہ منظوری دیدی گئی۔

اس موقع پر بورڈ ممبران کی جانب سے تجاویز اور آراء بھی پیش کی گئیں اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا۔ بعدازاں چیئرمین نے تمام ممبران کو اجلاس میں خوش آمدید کہا اجلاس کی کارروائی کے آغاز پر جنرل منیجر اشفاق احمد نے شرکائے اجلاس کے سامنے 2023-24 کا سالانہ بجٹ پیش کرتے ہوئے سال بھر کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مختصربحث و مباحثے کے بعد متفقہ طور پر بجٹ پاس کیاگیا اور ورک پلان کی بھی باقاعدہ منظوری دی گئی۔

اجلاس میں چیئرمین گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام شیر جہان میر نے ادارے کی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ادارے کے ملازمین پر زوردیاکہ دور جدید کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے دن رات محنت کو اپنا شعار بنانا ئیں تاکہ گلگت بلتستان بھر کے عوام ترقی و خوشحالی کی طرف گامزن ہوسکیں۔

انہوں نے کہاکہ ٹھوس منصوبہ بندی کے تحت کام میں نکھار لانے کے ساتھ عوام الناس کی شرکت کو یقینی بناتے ہوئے قلیل عرصے میں کامیابیاں سمیٹی جاسکتی ہیں تاکہ خلق خدا سکھ کا سانس لے سکیں قبل ازیں چیف ایگزیکٹیو آفیسر گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام عبدالطیف نے ادارے کی کارکردگی اور اب تک کئے گئے اقدامات کے ساتھ ساتھ اہداف کے حصول میں ادارے کی کامیابی پر روشنی ڈالی۔

وائس چیئرمین گلگت بلتستان رورل سپورٹ پروگرام حاجی میر افضل خان نے ادارے کے ذمہ دار اہلکاروں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ ہر حال میں انتظامیہ کے ساتھ روابط بڑھانے کے ساتھ وقتاً فوقتاً چیف سیکریٹری اور وزیر اعلیٰ تک اپنا مثبت پیغام پہنچانے کی ذمہ داری احسن طریقے سے نبھانی ہوگی اور ساتھ ہی اپنی کارکردگی سے متعلق سوشل میڈیا پر روزانہ کی بنیاد پر تشہیر کو یقینی بنانے پر زور دیا۔

بورڈ ممبران نے باری باری اپنی مفید تجاویز پیش کرتے ہوئے انفرادیت کے بجائے اجتمائیت کو فروغ دینے پر زور دیا۔ اجلاس کے آخر میں چیئرمین شیر جہان میر نے تمام ممبران کا ایک بار پھر سے شکریہ ادا کرتے ہوئے اختتامی کلمات ادا کئے۔

شئیر کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں