استور۔
گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے شونٹر حادثے کی تفصیلی رپورٹ جاری کردی ہے، حادثے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ 13 زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔
گلگت بلتستان میں قدرتی آفات سے نمٹنے والے سرکاری ادارے(جی بی ڈی ایم اے ) کی رپورٹ کے مطابق حادثہ آج صبح 4بجے پیش آیا جب آزاد کشمیر سے شونٹر کے راستے استور آتے ہوئے خانہ بدوشوں کے تین خیموں پر برفانی تودہ آ گرا جس سے 11 افراد ملبے تلے دب گئے ۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ضلعی انتظامیہ نے ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ روانہ کیں جنہوں نے مقامی لوگوں کی مدد سے ملبے سے 8 لاشیں نکال لیں ہیں اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ 13 زخمیوں کو ڈی ایچ کیوں ہسپتال استور منتقل کر دیا گیا ہے جن میں سے ایک بچہ سمیت 12 افراد کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ امدادی کارروائیاں میں پاک فوج کے جوان اور ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں ۔ وزیر اعلٰی گلگت بلتستان خالد خورشید نے زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد فراہم کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو خوراک اور دیگر ضروریات زندگی فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ کمشنر دیامراستور ڈویزن التمش جنجوعہ ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔